رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ قم میں درس خارج کے مشہور و معروف استاد آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے عالمی شباب المقاومۃ محاذ کی طرف سے قم میں منعقدہ "بحرینی شہداء کے اعزاز اور صدی معاملے کی موت " کے عنوان سے سمینار میں اپنے عربی پیغام میں مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں امریکہ اور غدار عرب حکمرانوں کی مشترکہ گھناؤنی سازش اور صدی معاملے کی مذمت کی ہے اور تاکید کرتے ہوئے کہا : امت مسلمہ کسی کو مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کانفرنس میں ارسال کئے گئے اپنے اس پیغام میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بیان کیا : امت مسلمہ نے ماضی میں بھی اسلام اور مقدسات اسلام کے دفاع میں شاندار قربانیاں پیش کی ہیں اور وہ بیت المقدس کے دفاع میں بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی۔
حوزہ علمیہ قم میں درس خارج کے مشہور و معروف استاد نے کہا : بعض غدار اور خائن عرب حکمرانوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کو فروخت کرنے کی گھناؤنی سازش کا آغاز کردیا ہے اور ان کی اس سازش کو ناکام بنانا امت مسلمہ کے فرائض میں شامل ہے۔
آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے اسلام کے دشمنوں سے دوستی کو قرآنی آیات إِنَّمَا یَنْهَاکُمُ اللَّهُ عَنِ الَّذِینَ قَاتَلُوکُمْ فِی الدِّینِ وَأَخْرَجُوکُم مِّن دِیَارِکُمْ وَظَاهَرُوا عَلَی إِخْرَاجِکُمْ أَن تَوَلَّوْهُمْ وَمَن یَتَوَلَّهُمْ فَأُولَئِکَ هُمُ الظَّالِمُونَ کے فرمان کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا : اسرائیل کے ساتھ دوستی اور تعاون منافقت کی علامت ہے اور کسی کو مسلمانوں کے قبلہ اول کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے دشمنوں کی طرف سے اسلام و مسلمان کے خلاف کی جارہی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : اسرائیل کی لبنان اور غزہ کی جنگ میں مسلسل شکست کے بعد امریکہ نے مسئلہ فلسطین کو محو اور نابود کرنے کی سازش تیار کی ہے اور امریکہ نے اپنی اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے غدار اور خائن بادشاہوں کو تیار کیا ہے۔ لہذا فرزندان توحید کو معلوم ہونا چاہیے کہ امریکہ اپنے شیطانی منصبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلے میں خطے میں موجود اپنے ایجنٹوں اور اتحادی عرب ممالک سے بھر پور استفادہ کررہا ہے۔
حوزہ علمیہ قم میں درس خارج کے مشہور و معروف استاد نے کہا : امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی ، امریکہ اور اسرائیل کو ان کے عرب اتحادیوں سمیت شکست سے دوچار کردے گی۔
آیت اللہ ناصر مکارم نے سعودی عرب، بحرین اور امارات کے بادشاہوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا : عرب بادشاہوں کو ماضی کے بادشاہوں سے درس عبرت حاصل کرنا چاہیے اورانھیں بڑے شیطان امریکہ اور اسرائیلی کے ساتھ تعاون ترک کردینا چاہیے اور اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ غداری کو چھوڑ دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ سامراجی طاقت ، اسلام و مسلمان کے کھلے ہوئے دشمن بعض ضمیر فروش عرب ممالک کے بادشاہوں کے ساتھ مل کر بیت المقدس کی نیلامی کا کھیل کھیل رہے ہیں جسے کسی بھی مسلمان قبول نہیں کرے گا ۔